سکھر (جیوڈیسک) اپوزیشن رہنما خورشید شاہ کا کہنا ہے کہ پنجاب میں نیب کی کارروائیوں پر سیخ پا ہونے کی ضرورت نہیں، میاں صاحب کو پارلیمنٹ کو اعتماد میں لینا چاہیے تھا، نیب سے متعلق وزیراعظم پارلیمنٹ میں بات کرتے تو ان کا سیاسی قد اور اونچا ہوتا۔
سکھر میں صحافیوں سے بات کرتے ہوئے خورشید شاہ نے کہا ہم نہیں کہتے کہ سندھ میں نیب کی کارروائیاں ہو رہی ہیں تو پنجاب میں کیوں نہ ہوں۔ خورشید شاہ نے کہا کہ کرپٹ آدمی کہیں بھی ہو کارروائی ہونی چاہیے ، پنجاب میں نیب کی کارروائیوں پر سیخ پا ہونے کی ضرورت نہیں ۔ خورشید شاہ نے کہا پارلیمنٹ نے ہر سازش کا مقابلہ کیا ہے اور تمام ادارے پارلیمنٹ کو جوابدہ ہیں۔
حزب اختلاف کے رہنما نے کہا کہ نیب کی بات اگر میاں صاحب پارلیمنٹ میں کرتے تو نوازشریف کا سیاسی قد کاٹھ اور اونچا ہوتا۔ خورشید شاہ نے کہا وہ اس بات سے لا علم ہیں کہ چیئر مین نیب نے وزیر اعظم سے ملاقات سے انکار کیا ہے یا نہیں۔