اسلام آباد (جیوڈیسک) سابق وزیر اعظم نواز شریف کی تین نیب ریفرنسز کو یکجا کر کے ایک فرد جرم عائد کرنے کی درخواست پر سماعت، نواز شریف، مریم نواز اور کیپٹن ریٹائرڈ صفدر احتساب عدالت میں پیش ہوئے اور پونے دو گھنٹے تک کمرہ عدالت میں موجود رہے۔ سابق وزیراعظم کے وکیل خواجہ حارث نے اپنے دلائل مکمل کر لئے۔
نیب پراسیکیوٹر نے دلائل دیتے ہوئے ریفرنسز یکجا کرنے کی مخالفت کی۔ جس پر عدالت نے فیصلہ محفوظ کر لیا جو سہ پہر 3 بجے سانایا جائے گا۔
قبل ازیں سابق وزیراعظم نواز شریف، ان کی صاحبزادی مریم نواز اور داماد کیپٹن (ر) صفدر ایک ہی گاڑی میں احتساب عدالت پہنچے۔ مریم اورنگزیب، طلال چوہدری، پرویز رشید راجہ ظفرالحق، طارق فضل چوہدری سمیت دیگر لیگی رہنما بھی ان کے ہمراہ تھے۔
خیال رہے گزشتہ سماعت پر جج احتساب عدالت کا کہنا تھا کہ اسلام آباد ہائی کورٹ کا فیصلہ موصول نہیں ہوا، درخواستوں پر دلائل نہیں سن سکتے۔ عدالت نے نیب پراسیکیوٹر کی استدعا مسترد کرتے ہوئے سماعت ملتوی کر دی تھی۔