اسلام آباد (جیوڈیسک) شریف خاندان کے خلاف نیب ریفرنسز پر احتساب عدالت میں سماعت ہوئی۔ عدم حاضری پرعدالت نے حسن اور حسین کو اشتہار ی قرار دیتے ہوئے دونوں کے دائمی وارنٹ گرفتاری جاری کر دیئے۔ احتساب عدالت نے نوازشرپف پر 13 اکتوبرکو فرد جرم عائد کرنے کا فیصلہ کرتے ہوئے کارروائی ملتوی کر دی۔
احتساب عدالت نے 2 اکتوبر کو سماعت کے دوران نواز شریف پر فرد جرم کا معاملہ مؤخر کرتے ہوئے حسن، حسین اور کیپٹن (ر) صفدر کے ناقابل ضمانت اور مریم نواز کے قابل ضمانت وارنٹ گرفتاری جاری کئے تھے۔
وزیر خزانہ اسحاق ڈار کے خلاف نیب ریفرنس کی سماعت 12 اکتوبر کو ہوگی، ذرائع کے مطابق شریف خاندان اور اسحاق ڈار کے خلاف تحقیقات کیلئے نیب کی ٹیم کے دبئی اور لندن جانے کا امکان ہے، چیئرمین نیب نے ٹیم کے بیرون ملک جانے کی منظوری دے دی جس کے بعد انہیں جلد ویزے ملنے کا امکان ہے۔ جبکہ ترجمان نیب نے کہا ابھی تک نیب ٹیم کے بیرون ملک جانے کے حتمی فیصلہ کی تصدیق نہیں کی جا سکتی۔