نیب کا سندھ بلڈنگ کنٹرول اتھارٹی کے دفتر پر چھاپہ؛ ڈپٹی ڈائریکٹر گرفتار

NAB

NAB

کراچی (جیوڈیسک) قومی احتساب بیورو (نیب) نے سندھ بلڈنگ کنٹرول اتھارٹی کے دفترپر چھاپہ مارتے ہوئے چائنہ کٹنگ اور غیرقانونی الاٹمنٹ میں ملوث ڈپٹی ڈائریکٹر کو حراست میں لے لیا۔

نیب نے سندھ بلڈنگ کنٹرول اتھارٹی کے دفتر پر چھاپہ مار کارروائی کے دوران ڈیپارٹمنٹ کے ڈپٹی ڈائریکٹرندیم خان کو حراست میں لے لیا۔

نیب ذرائع کے مطابق ندیم خان اختیارات کے ناجائزاستعمال، بدعنوانیوں سمیت چائنہ کٹنگ اور پلاٹوں کی غیرقانونی الاٹمنٹ میں ملوث ہیں جنہیں حراست میں لیتے ہوئے تحقیقات کا آغاز کر دیا گیا ہے۔

واضح رہے کہ رواں سال جون میں رینجرز نے سندھ بلڈنگ کنٹرول اتھارٹی کے دفتر پر چھاپہ مار کر ریکارڈ قبضے میں لے لیا تھا جب کہ نیب نے ساڑھے 4 ارب روپے مالیت کی زمین پر قبضہ کر کے بیچنے والے 5 سرکاری افسروں کو گرفتار کیا تھا جو اب بھی تفتیشی مراحل سے گزر رہے ہیں۔