اسلام آباد (جیوڈیسک) سپریم کورٹ نے پنجاب بینک کرپشن کیس میں نیب سے پلی بارگین کرنے پر بینک کے سابق جی ایم عزیزالحمید کو پاسپورٹ واپس کرنے کا حکم دے دیا ہے۔
جسٹس شیخ عظمت سعید کی سربراہی میں تین رکنی بینچ نے پنجاب بینک کرپشن کیس کے ملزم عزیز الحمید کی پاسپورٹ واپسی سے متعلق درخواست پر سماعت کی ۔ ملزم عزیز الحمید کے وکیل نے موقف اختیار کیا کہ ان کے موکل نے نیب سے پلی بارگین کرلی ہے ، عزیز الحمید نے تین کروڑ 15 لاکھ واپس کر دئیے ہیں ، نیب کے وکیل نے موقف اختیار کیا کہ عزیز الحمید پنجاب بینک کرپشن میں ملوث تھا۔
ملزم نے نیب سے پلی بارگین کرلی ہے اور پیسے بھی واپس کردئیے ہیں ، نیب کو عزیز الحمید کے پاسپورٹ واپسی پر کوئی اعتراض نہیں ۔ جس کے بعد عدالت نے پنجاب بینک کے سابق جنرل مینجر عزیزالحمید کا پاسپورٹ واپس کرنے کا حکم دے دیا ہے۔