کراچی (اصل میڈیا ڈیسک) قومی احتساب بیورو (نیب) کی ٹیم اسپیکر سندھ اسمبلی آغا سراج درانی کو گرفتار کیے بغیر 15 گھنٹے بعد واپس چلی گئی۔
نیب ٹیم گزشتہ روز سہہ پہر 4 بجے کراچی میں آغا سراج درانی کی گرفتاری کے لیے ڈیفنس میں ان کے گھر پہنچی تھی تاہم سراج درانی کے ملازمین مزاحمت کرتے رہے۔
نیب اہلکار ساری رات اسپیکر سندھ اسمبلی کے گھر کے باہر موجود رہے جبکہ سراج درانی کے حامیوں نے ناشتہ بھی یہیں کیا اور نیب ٹیم کو گھر کے اندر جانے نہیں دیا۔
یاد رہے کہ آمدن سے زائد اثاثوں کے ریفرنس میں سندھ ہائیکورٹ نے اسپیکر سندھ اسمبلی کی درخواست ضمانت مسترد کی تھی۔
عدالت کے تحریری فیصلے کے مطابق آغا سراج کی آمدنی اور اثاثوں میں ایک ارب 61 کروڑ روپے کا فرق ہے۔