پشاور : چیئرمین مستقبل پاکستان انجینئر ندیم ممتاز قریشی کی سربراہی میں سنٹرل آفس مستقبل پاکستان ملتان میں پارٹی عہدیدران کا ایک اجلاس منعقد ہوا جس میں پارٹی چیئرمین انجینئر ندیم ممتاز قریشی نے ملک بھر میں مستقبل پاکستان انٹرا پارٹی الیکشن 23 اپریل 2017 بروز اتوارکو کروانے کافیصلہ کیا ۔خیبر پختونخوا میں پارٹی کے سینیئر صوبائی صدر روشن خٹک کو الیکشن کی ذمہ داریاں سونپی گئی ہیں۔ ۔اس موقع پر چیئرمین مستقبل پاکستان انجینئر ندیم ممتاز قریشی نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ جمہوریت کسی بھی ملک یا پارٹی کا حسن ہوتا ہے اس لئے ہم پارٹی میں جمہوری اقدار کی مضبوطی کیلئے انٹرا پارٹی الیکشن کر ا رہے ہیں تاکہ پارٹی کے حسن میں مزید اضافہ ہو ۔انہوںنے کہا کہ آج ملک بھر میں ہر پارٹی جمہوریت کی دعویدار نظر آتی ہے مگر حقیقت میں جمہوری اقدار کی پاسداری تو دور کی بات اگر ان کا طرز حکومت دیکھا جائے تو یہ بات روزروشن کی طرح عیاں ہوتی ہے کہ جمہوریت ان کے پاس سے ہوکر بھی نہیں گزری ۔انہوں نے مزید کہا کہ جمہوریت کی ترقی ہی میں ملکی ترقی کا راز پنہاں ہے ،اس بات پر یقین رکھتے ہوئے مستقبل پاکستان نے شروع دن سے ہی جمہوریت کے فروغ اور ملکی ترقی کیلئے کام کر رہی ہے۔
انجینئر ندیم ممتاز قریشی نے کہا کہ ملک کو دہشت گردی سمیت جتنے بھی مسائل آج درپیش ہیں یہ نااہل ،شعبدہ باز اور چورراستوں سے آنے والے سیاستدانوں کے پیدا کردہ ہیں انہی کی نااہلی اور کم عقلی کی وجہ سے آج عوام کا جمہوریت پر سے یقین اٹھتا جارہا ہے اور عوام جمہوریت پر آمریت کو ترجیح دینے لگی ہے ۔انہوںنے کہا کہ مستقبل پاکستان صاحب اقتدار ہوکر ملک میں حقیقی جمہوریت کے قیام کیلئے نہ صرف جدوجہد کرے گی بلکہ عوام کو درپیش دہشت گردی سمیت دیگر مسائل کے حل کیلئے بھی کام کرے گی ۔انہوں نے مزید کہا کہ پاکستان میں بے پناہ وسائل موجود ہیں اگر انہیں صیحح معنوں میں استعمال کر لیا جائے تو نہ صرف ملکی عوام خوشحال ہوگی بلکہ ملک بھی ترقی یافتہ ممالک کی صف میںشامل ہوجائے گا ۔واضح رہے کہ مستقبل پاکستان انٹرا پارٹی الیکشن 23اپریل بروز اتوار صبح 10بجے سے سہ پہر4بجے تک ملک بھر میں منعقد کئے جائیں گے۔