کراچی (جیوڈیسک) متحدہ قومی موومنٹ لندن کی رابطہ کمیٹی کے کنوینر ندیم نصرت نے ڈاکٹر فاروق ستار کے شہداء یادگار پر عوام و کارکنان کی جانب سے نعرے بازی لندن کی ہدایت پر کرائے جانے کے بیان کو مسترد کردیا ہے۔
اپنے بیان میں ندیم نصرت نے کہاکہ تمام ایم کیو ایم مخالف عناصر ہر واقعہ کا الزام لندن اور قائد پر ہی لگاتے آئے ہیں اور آج ڈاکٹرفاروق ستار نے بھی عزیز آباد میں شہداء یادگار پر رونما ہونے والی صورتحال کی ذمہ داری لندن پر عائدکرکے وہی الزام دہرایا ہے جو انتہائی افسوسناک ہے۔
ندیم نصرت نے کہا کہ آخر شہداء یادگار پر ایسا کونسا عمل ہوا ہے جسے فساد، ہنگامہ آرائی اور امن خراب کرنے کی سازش قرار دیا جا رہا ہے؟۔۔
انہوں نے کہا کہ شہداء یادگار پر ایم کیو ایم کے کارکنوں نے اسی قائد کے حق میں نعرے لگائے تھے جن کی بدولت تحریک نے مقبولیت حاصل کی اور جس کی بدولت ڈاکٹر فاروق ستار اور تمام لوگوں نے نام اور مقام حاصل کیا، آج یہ نعرے کیوں برے لگ رہے ہیں؟۔