دبئی (جیوڈیسک) متحدہ قومی موومنٹ کی رابطہ کمیٹی کے ڈپٹی کنوینر ندیم نصرت اور گورنر سندھ ڈاکٹر عشرت العباد نے اتوار کی شب دبئی میں سابق صدر پاکستان اور پیپلزپارٹی کے شریک چیئرپرسن آصف علی زرداری سے تفصیلی ملاقات کی۔ اس موقع پر پیپلزپارٹی کے رہنماء سینیٹر رحمان ملک بھی ان کے ہمراہ تھے۔ ملاقات خوشگوار ماحول میں ہوئی جس میں بین الاقومی حالات، پاکستان کی موجودہ سیاسی ومعاشی صورتحال ، صوبہ سندھ میں امن وامان اور سیاسی ہم آہنگی سمیت دیگر امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
رابطہ کمیٹی کے ڈپٹی کنوینر ندیم نصرت نے آصف علی زرداری کو قائد تحریک الطاف حسین کا خیرسگالی کا پیغام پہنچایا جس پر آصف زرداری نے بھی الطاف حسین کیلئے نیک خواہشات اور خیرسگالی کے جذبہ کااظہار کیا۔ گورنر سندھ ڈاکٹر عشرت العباد نے گفتگو کرتے ہوئے کہاکہ وفاق کی خواہش ہے کہ صوبہ میں تمام سیاسی قوتوں کے درمیان اتحاد واتفاق اور ہم آہنگی ہو، مفاہمت کی فضاء فروغ پائے، دیرپا امن قائم ہو اور اس سلسلے میں تمام سیاسی قوتوں کے درمیان باہمی رابطوں اور تعاون کا سلسلہ جاری رہنا چاہیے۔
آصف علی زرداری نے کہاکہ ملک کو درپیش چیلجنز سے نمٹنے ، ملک اورصوبہ سندھ کی ترقی اورعوام کی فلاح وبہبود کیلئے صمفاہمتی عمل جاری رہے گا اور اس سلسلے میں سیاسی تعاون مزید بڑھایاجائے گا۔