نادیہ گبول کی پیپلز پارٹی میں شمولیت

 Nadia Gabol

Nadia Gabol

کراچی (جیوڈیسک) ایم کیو ایم کی سابق صوبائی وزیر نادیہ گبول نے پیپلز پارٹی کے صوبائی وزیر اویس مظفر کے ہمراہ کراچی میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے پیپلز پارٹی میں باقاعدہ شمولیت کا اعلان کیا۔ نادیہ گبول کے ساتھ ان کے والد نے بھی پیپلز پارٹی میں شمولیت اختیار کی۔

نادیہ گبول کا کہنا تھا کہ انہوں نے نظریاتی اختلافات کی بنیاد پر ایم کیو ایم سے علیحدگی اختیار کی۔ اس موقع پر پیپلز پارٹی کے رہنما اویس مظفر نے نادیہ گبول اور ان کے والد کو پارٹی میں شامل ہونے پر خوش آمدید کہا۔

ان کا کہنا تھا کہ نادیہ گبول کیساتھ بات چیت کافی عرصے سے چل رہی تھی جس کے بعد آج باقاعدہ اس کا اعلان کیا گیا ہے۔ نادیہ گبول 2008 میں ایم کیو ایم کی رکن صوبائی اسمبلی منتخب ہوئیں اور حقوق نسواں کی صوبائی وزیر بھی رہیں تاہم دوہری شہریت کے باعث 2012 میں ان کی صوبائی اسمبلی سے رکنیت منسوخ ہو گئی۔ 2013 کے انتخابات کے بعد ایم کیو ایم سے نادیہ گبول کے اختلافات منظر عام پر آنا شروع ہوئے تاہم اس بار انہوں نے باقاعدہ طور پر ایم کیو ایم کو خدا حافظ کہتے ہوئے پیپلز پارٹی سے ہاتھ ملا ہی لیا۔