نادرا کے باجوڑ سینٹر میں 8 سال سے افغان باشندے کا بطور ایگزیکٹو کام کرنے کا انکشاف

Nadra

Nadra

کراچی (جیوڈیسک) نادرا کے رجسٹریشین سینٹر باجوڑ میں گزشتہ 8 برس سے ایک افغان باشندے کا ایگزیکٹو لیول پر تعیناتی کے انکشاف نے حکام کی نیندیں اڑا دیں۔

نادرا کی ویجیلنس ٹیم نے اپنی رپورٹ میں انکشاف کیا تھا کہ گزشتہ 8 سال سے باجوڑ رجسٹریشن سینٹر میں افغان باشندہ روح اللہ بطور جونئیر ایگزیکٹو تعینات ہے جس نے نہ صرف اپنے رشتہ داروں بلکہ سیکڑوں افغان باشندوں کو پاکستانی شناختی کارڈ جاری کئے۔ نادرا ویجیلنس کی رپورٹ منظر عام پر آنے کے بعد چیرمین نادرا نے فوری ایکشن لیتے ہوئے روح اللہ کی برطرفی کے احکامات جاری کردیئے ہیں۔

واضح رہے کہ اس سے قبل کراچی کے نادرا سنٹر میں بھی اس قسم کی خبریں منظر عام پر آچکی ہیں کہ مقامی افسران نے ملی بھگت سے سیکڑون افغان باشندوں کو پاکستانی شناختی کارڈ جاری کئے۔ افغان باشندے دنیا بھر میں پاکستانی پاسپورٹ کا غلط استعمال کر کے ہماری بدنامی اور جگ ہنسائی کا باعث بنتے ہیں۔