نادرا نے اپنی رپورٹ میں ووٹوں کو جعلی قرار نہیں دیا، فاروق ستار

Farooq Sattar

Farooq Sattar

کراچی (جیوڈیسک) کراچی متحدہ قومی موومنٹ کے رہ نما ڈاکٹر فاروق ستار کا کہنا ہے کہ نادرا نے اپنی رپورٹ میں ووٹوں کو جعلی قرار نہیں دیا، لندن سے واپسی پر کراچی ایئر پورٹ پر ذرائع سے گفتگو کرتے ہوئے فاروق ستار نے کہا کہ لندن میں قائد تحریک الطاف حسین سے ملاقات میں ملکی صورتحال پر بات چیت ہوئی۔ ایک سوال کے جواب پر انھوں نے کہا کہ آپریشن کے نام پر بلا جواز گرفتاریاں کی گئیں تو آپریشن کا مقصد فوت ہوجائے گا۔ کراچی میں مجرموں کے مافیا کا دہشت گردوں سے گٹھ جوڑ ہے، کوئی جماعت تنہا ملک کو بحرانوں سے نہیں نکال سکتی۔

اتفاق رائے کے لیے سیاسی مکالمے کو فروغ دیں گے، ملک میں دہشت گردی کے خاتمے کیلئے سیاسی مکالمہ جاری رہنا چاہئے۔ انھوں نے مزید کہا کہ ایم کیو ایم طالبان سے مذاکرات کی مخالف نہیں۔ این اے 256 پر نادرا کی رپورٹ سے متعلق سوال پر فاروق ستار نے کہا کہ این اے 256 میں ناقابل تصدیق شدہ 55 ہزار ووٹوں کو جعلی قرار دینا مناسب نہیں، الیکشن کے موقع پر مقناطیسی سیاہی اور وہ کاغذ استعمال نہیں کیا جس سے شناخت ہوسکے۔