لاہور (اصل میڈیا ڈیسک) اداکارہ نیمل خاور نے شادی کے بعد اداکاری چھوڑنے کے حوالے سے خاموشی توڑتے ہوئے کہا ہے کہ یہ میرا فیصلہ ہے اوراداکاری چھوڑنے کیلئے مجھ پر کسی نے دباؤ نہیں ڈالا۔
پچھلے دنوں اداکار حمزہ علی عباسی اور نیمل خاور اپنی شادی کے باعث میڈیا کی شہ سرخیوں کا حصہ رہے۔ جہاں دونوں کی شادی کی خبریں وائرل ہوئیں، وہیں یہ خبریں بھی گردش کرتی رہیں کہ نیمل خاور نے شادی کے بعد اداکاری چھوڑنے کا فیصلہ کیاہے اور اداکار حمزہ علی عباسی نے انہیں یہ فیصلہ لینے کے لیے مجبور کیا ہے۔
نیمل خاور نے اداکاری چھوڑنے اورحمزہ علی عباسی کے حوالے سے گردش کرنے والی خبروں پر ردعمل دیتے ہوئے کہا ہے کہ سب سے پہلے تو آپ سب کا بے حد شکریہ کہ آپ لوگوں نے مجھے اور حمزہ کو نئی زندگی کی ڈھیروں مبارکباد دی۔ اب شادی ہوچکی ہے اورمیں کچھ چیزوں کی وضاحت کرنا چاہتی ہوں۔
نیمل خاور نے ٹوئٹر پر وضاحت کرتے ہوئے کہا میں ایک بالغ عورت ہوں جو اپنے فیصلے خود کرنے کی اہلیت رکھتی ہوں۔ مجھے معلوم ہے مشہور لوگ ہمیشہ ہی تنقید کا نشانہ بن جاتے ہیں۔ مہربانی کرکے حقائق کو مسخ نہ کریں۔
نیمل نے تنقید نگاروں کو جواب دیتے ہوئے کہا میں 9 ماہ قبل ہی اداکاری چھوڑ چکی ہوں اور یہ مکمل طور پر میرا فیصلہ تھا۔ براہ کرم کسی کے خاص دن کو سنسنی خیز بنانے کے لیے غلط افواہیں پھیلانا بند کریں۔
واضح رہے کہ نیمل خاور اداکارہ ماہرہ خان کے ساتھ شعیب منصور کی فلم ’’ورنہ‘‘ میں اداکاری کے جوہر دکھاچکی ہیں، جب کہ آج کل ان کا نجی ٹی وی چینل سے نشر ہونے والا ڈراما ’’انا‘‘ بہت مقبول ہورہاہے۔