نیروبی (جیوڈیسک) کینیا کے دارالحکومت نیروبی کے شاپنگ مال میں 2 روز بعد بھی فائرنگ اور دھماکوں کا سلسلہ جاری ہے، شدت پسند گروپ الشباب نے یرغمال بنائے گئے افراد کو جان سے مارنے کی دھمکی دی ہے۔ کینیا کے دارالحکومت نیروبی میں ہفتے سے سیکیورٹی فورسز اور شدت پسندوں میں جھڑپیں جاری ہیں۔
اب تک جھڑپ میں 68 افراد ہلاک اور 200 سے زائد زخمی ہوچکے ہیں۔ واقعے میں برطانیہ، فرانس، چین، گھانا، ہالینڈ، جنوبی افریقہ، بھارت، آسٹریلیا، کینیڈا کے شہریوں کی ہلاکت کی تصدیق ہوئی ہے۔ کینیا کی فورسز نے پیش قدمی کرتے ہوئے کئی افراد کو بازیاب کرالیا۔
متعدد اب بھی شدت پسندوں کے قبضے میں ہیں۔ صومالی شدت پسند گروپ الشباب نے دھمکی دی ہے کہ اگر طاقت کا استعمال کیا گیا تو یرغمالیوں کو جان سے مار دیں گے۔ نیویارک میں امریکی وزیر خارجہ جان کیری کا کہنا ہے حملہ آور بے رحم دہشت گرد ہیں۔