نجم سیٹھی نے چیئرمین کے عہدے کے لئے عارف عباسی کو ’’ ان فٹ‘‘ قرار دے دیا

Najam Sethi

Najam Sethi

لاہور (جیوڈیسک) نجم سیٹھی نے عارف عباسی کو چیئرمین پی سی بی کی پوسٹ کیلیے ان فٹ قرار دے دیا۔ان کا کہنا ہے کہ سابق چیف ایگزیکٹیو کو بورڈ کی باگ ڈور سنبھالنے کیلیے قائل کرنے کی اطلاعات درست نہیں۔

دوسری جانب عدالتی احکامات کے تحت دی گئی7دن کی مہلت ختم ہونے کے باوجود وزیر اعظم کی طرف سے قائم مقام چیئرمین اور الیکشن کمشنر کا تقرر عمل میں نہیں لایا جا سکا۔ تفصیلات کے مطابق 21 جولائی کو سپریم کورٹ کے 2 رکنی بینچ نے پی سی بی کے مختلف مقدمات ایک ساتھ نمٹاتے ہوئے۔

چیف پیٹرن اور وزیر اعظم کو ہدایت کی تھی کہ وہ 7 دن کے اندر ایڈہاک چیئرمین اور الیکشن کمشنر کو تعینات کر کے 30 دنوں میں نئے الیکشن کرائیں، تاہم ابھی تک اس حوالے سے کوئی اعلان نہیں کیا گیا۔

دوسری جانب یہ اطلاعات سامنے آئیں کہ آئندہ سیٹ اپ میں حکومت کی طرف سے بطور رکن گورننگ بورڈ نامزد نجم سیٹھی نے سابق چیف ایگزیکٹیو عارف عباسی کو چیئرمین کا عہدہ سنبھالنے کیلیے قائل کرنے کی کوشش شروع کردی ہے۔

مگر گذشتہ روز نجم سیٹھی نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ پر اپنے پیغام میں ان اطلاعات کو مسترد کرتے ہوئے کہا کہ عارف عباسی کو آئندہ چیئرمین پی سی بی بنانے کیلیے راہ ہموار کرنے کی باتیں بے بنیاد ہیں، حقیقت یہ ہے کہ میرے خیال میں وہ اس عہدے کیلیے ’’ان فٹ‘‘ ہیں۔