لاہور (جیوڈیسک) پاکستان کرکٹ بورڈ کے قائم مقام چیئرمین نجم سیٹھی جدید دور کے تجربہ کار ٹیسٹ کرکٹرز کو سلیکشن کمیٹی کا چیئرمین بنانے کے خواہش مند ہیں، جبکہ کئی کرکٹرز نے چیف سلیکٹر کا عہدہ حاصل کرنے کے لیئے کوششیں تیز کر دی ہے۔ قومی کرکٹ سلیکشن کمیٹی کے چیئرمین اقبال قاسم کے مستعفی ہونے کے بعد سلیکشن کمیٹی بھی تحلیل کر دی گئی تھی اور اب پی سی بی کے تھنک ٹینک نے نئے ناموں پر غور شروع کر دیا ہے۔
پرانی سلیکشن کمیٹی کے کسی رکن کو نئی سلیکشن کمیٹی میں شامل نہیں کیا جائے گا، جس کا پہلا ہدف اگست میں زمبابوے کے خلاف سیریز کا انتخاب ہو گا۔ ذرائع کے مطابق چیئرمین نجم سیٹھی جدید دور کے کسی سابق کرکٹر کو چیف سلیکٹر کے عہدے پر دیکھنا چاہتے ہیں۔ راشد لطیف اور معین خان کے نام بھی زیر بحث آئے ہیں جبکہ محسن خان، ظہیر عباس، عبدالقادر، کرنل نوشاد اور صلاح الدین صلو بھی اس دوڑ میں شامل ہیں۔