لاہور (جیوڈیسک) پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) کے چیئرمین شہریار خان نے بتایا ہے کہ ا نجم سیٹھی انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) کے صدر بننے جا رہے ہیں۔
نجم سیٹھی جون 2015ء میں اپنے عہدے کا حلف اٹھائیں گے جبکہ ان کی مدت پوری ہونے کے بعد کوئی ٹیسٹ کرکٹر آئی سی سی کے صدر کا عہدہ سنبھالے گا۔ لاہور میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے شہریار خان کا کہنا تھا کہ پاکستانی ٹیم کی بنگلا دیش کے ہاتھوں شکست سے بہت مایوس ہیں۔
پاکستانی ٹیم کی ناقص فٹنس اور کارکردگی کا نوٹس لیا ہے۔ پاکستانی کھلاڑی بنگلا دیش سے بُرے طریقے سے ہارے تھے۔ چیئرمین پی سی بی نے کہا کہ رواں ہفتے آسٹریلیا کی آرمی ٹیم بھی کرکٹ کھیلنے پاکستان کا دورہ کرے گی۔
آسٹریلوی ٹیم کے آنے سے بین الاقوامی کرکٹ کے دروازے پاکستان کیلئے کھل جائیں گے۔ زمبابوے کی ٹیم کا آنا سب سے اہم ہوگا۔ زمبابوے کی کرکٹ ٹیم مئی میں پاکستان کا دورہ کرے گی جبکہ بنگلا دیش کی ویمن کرکٹ ٹیم بھی مئی میں پاکستان آ رہی ہے۔
انہوں نے بتایا کہ بی سی سی آئی ٹیم بھیجنے کے لئے تیار ہے تاہم بھارتی ٹیم ابھی تک نئی حکومت سے اجازت کی منتظر ہے۔