نجم سیٹھی سمیت پی سی بی کی مینجمنٹ کمیٹی دوبارہ بحال

Najam Sethi

Najam Sethi

اسلام آباد (جیوڈیسک) آج صبح سپریم کورٹ میں حکومت کی جانب سے نجم سیٹھی کی بطور چیئرمین پی سی بی برطرفی کے فیصلے کے خلاف اپیل کی سماعت ہوئی۔ ڈان نیوز ٹی وی کی رپورٹ کے مطابق سپریم کورٹ نے اسلام آباد ہائیکورٹ کے فیصلے کو معطل کرتے ہوئے نجم سیٹھی سمیت پی سی بی کی مینجمنٹ کمیٹی کو بحال کردیا ہے۔

جسٹس انور ظہیر جمالی کی سربراہی میں سپریم کورٹ کے تین رکنی بینچ نے ذکاء اشرف کی بحالی کے خلاف وزارت بین الصوبائی رابطہ کی جانب سے دائر اپیل کی سماعت کی۔ دوران سماعت، وزارت بین الصوبائی رابطہ کی وکیل عاصمہ جہانگیر نے دلیل دی کہ اسلام آباد ہائیکورٹ نے پالیسی معاملات میں مداخلت کی، اس طرح کرکٹ کا کھیل تباہ ہو جائے گا۔

عدالت نے اسلام آباد ہائیکورٹ کے جسٹس نورالحق قریشی کی سربراہی میں ذکاء اشرف کی بحالی کا سنگل بینچ کا فیصلہ معطل کردیا۔ سپریم کورٹ نے فریقین کو 27 مئی کے لیے نوٹس جاری کرتے ہوئے کیس کی سماعت ملتوی کردی۔

واضح رہے کہ اسلام آباد ہائی کورٹ نے چیئرمین پی سی بی نجم سیٹھی کی برطرفی کے تحریری فیصلے میں عبوری مینجمنٹ کمیٹی کی جانب سے کیے گئے تمام فیصلے بھی کالعدم قرار دے دیے تھے۔ حکومت کی جانب سے وزارت بین الصوبائی رابطہ کی وکیل عاصمہ جہانگیر نے سپریم کورٹ میں اپیل دائر کی تھی، جس میں اسلام آباد ہائیکورٹ کی جانب سے ذکاء اشرف کی بحالی کے فیصلے کو چیلنج کیا گیا تھا۔