نجم سیٹھی سمر کیمپ پہنچ گئے ، کھلاڑیوں کو ریلیکس رہنے کا مشورہ

Najam Sethi

Najam Sethi

لاہور (جیوڈیسک) پی سی بی کے چیئرمین نجم سیٹھی نے گزشتہ روز سمر کنڈیشننگ کیمپ میں کھلاڑیوں سے ملاقات کی اور انہیں تلقین کی کہ وہ بورڈ میں ہونے والی تبدیلیوں سے لاتعلق رہتے ہوئے اپنی پریکٹس پر توجہ دیں۔

گزشتہ روز کیمپ کے کھلاڑی سہ پہر کو جب والی بال کھیلنے کے لئے قذافی سٹیڈیم آئے تو نجم سیٹھی اور ان کے کنسلٹنٹ ظہیرعباس بھی گراؤنڈ میں آ گئے۔ نجم سیٹھی نے تمام کھلاڑیوں سے ہاتھ ملایا اور گراؤنڈ سٹاف سے بھی ملاقات کی۔

اس موقع پر انہوں نے کھلاڑیوں سے گفتگو کرتے ہوئے کیمپ کے بارے میں پوچھا اور کہا کہ بورڈ انہیں تمام تر بہترین سہولتیں مہیا کرر ہا ہے اور اگر کوئی کمی رہ گئی ہو تو وہ بھی مہیا کریں گے۔

انہوں نے کہا کہ بورڈ نے بہترین کوچنگ ٹیم کا انتخاب کیا ہے جو جلد ہی ان کے ساتھ ہو نگے ۔نجم سیٹھی نے کھلاڑیوں سے کہا کہ وہ بھر پور توجہ اپنے کھیل پر مرکوز رکھیں اور بورڈ میں جو تبدیلیاں ہو رہی ہیں ان سے وہ کوئی اثر نہ لیں۔ انہوں نے توقع ظاہر کی کہ پاکستان کرکٹ بورڈکے حالات جلدہی بہتر ہو جائیں گے۔