گجرات (جیوڈیسک) نگران وزیر اعلی پنجاب نجم سیٹھی نے سانحہ گجرات میں جاں بحق بچوں کے والدین سے اظہار تعزیت کیا اور امدادی چیک تقسیم کئے۔ نجم سیٹھی نے سی ایم ایچ کھاریاں میں سانحہ میں زخمی ہونے والے بچوں کی عیادت کی اور انتظامیہ کو بہترین طبی سہولتوں کی فراہمی کی ہدایت کی۔
نگران وزیر اعلی پنجاب منگوال گاں بھی گئے اور جاں بحق ہونیوالے بچوں کے والدین سے اظہار تعزیت کیا۔ اس موقع پر ان کا کہنا تھا کہ اس طرح کے واقعات کی روک تھام کیلئے اقدامات کئے جا رہے ہیں۔
نجم سیٹھی نے بتایا کہ بچوں کو بچاتے ہوئے جاں بحق ہونیوالی ٹیچر سمیعہ نورین کو اعلی ایوارڈ دینے کی سفارش بھی کی گئی ہے۔ نگران وزیر اعلی نے جاں بحق ہونیوالوں کے والدین کو پانچ ، پانچ لاکھ اور زخمیوں کو پچھتر ، پچھتر ہزار روپے کے چیک بھی دیئے۔