کراچی (خصوصی رپورٹ) حق پرست رکن صوبائی اسمبلی نشاط محمد ضیاء قادری کا بارش کے بعد پیدا ہونے والے علاقائی مسائل کے معائنے اور شاہراہوں اور گلیوں سے برساتی پانی کی نکاسی کے حوالے سے انتظامات کے جائزے کے لئے شاہ فیصل کالونی اور اس سے ملحقہ آبادیوں کا تفصیلی دورے کے موقع پر بلدیاتی اداروں اور ضلع انتظامیہ سے کہا ہے کہ برساتی نالوں پر قائم تجاوزات اور تعمیرات کا فی الفور خاتمہ کرکے برساتی نالوں کی مستقل بنیادوں پر صاف رکھنے کے لئے موثر اقدامات کئے جائیں۔
گرین ٹائون ،ناتھا خان گوٹھ اور شاہراہ فیصل پر برساتی پانی گھنٹو ں کھڑا رہنے کی اصل وجہ ناتھا خان گوٹھ سے گزرنے والے چکورہ نالہ اور گولڈن ٹائون میں قائم گولڈن ٹائون نالہ کی عدم صفائی ہے جس کی وجہ سے دوران برسات نہ صرف شاہ فیصل کالونی بلکہ شاہراہ فیصل پر برساتی پانی کی وجہ سے عوام کو شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑتا ہے حق پرست رکن صوبائی اسمبلی نشاط محمد ضیاء قادری نے ایڈمنسٹریٹر کے ایم سی سے مطالبہ کیا کہ گولڈن ٹائون اور چکورہ نالہ کی ہنگامی بنیاد پر صفائی کو یقینی بنا یا جائے۔
حق پرست رکن صوبائی اسمبلی نشاط محمد ضیاء قادری نے برسات کے بعد علاقائی مسائل کا جائزہ لیتے مختلف علاقوں سے گلیوں میں موجود برساتی پانی کی نکاسی کو اپنی نگرانی میں یقینی بنا یا اس موقع پر انہوں نے محکمہ سیوریج کے افسران کو ہدایت کی کہ شاہ فیصل کالونی اور اس سے ملحقہ آبادیوں میں سیوریج لائنوں کی صفائی کے حوالے سے ہنگامی بنیادوں پر اقدامات کرکے سیوریج فلو کو درست بنایا جائے۔
نشاط ضیاء قادری نے بلدیاتی اداروں کو ہدایت کی بارش کے بعد علاقائی سطح پر صحت مند ماحول کے حوالے سے پیدا ہونے والے عوامی شکایات کا ازالہ کیا جائے صفائی وستھرائی کے نظام کو بہتر بنا نے کے ساتھ علاقائی سطح پر جراثیم کش ادویات کا اسپرے انجام دیا جائے ۔اور مزید متوقع برساتی صورتحال سے نمٹنے اور دوران برسات عوامی سہولیات کی بروقت فراہمی کے لئے ہنگامی پلان ترتیب دینے کی ہدایت کی ہے۔