لاہور (جیوڈیسک) پی سی بی کے رویے سے مایوس سابق ٹیسٹ اسٹار عبدالقادر نے قذافی اسٹیڈیم میں خود سے منسوب انکلوژر کا نام تبدیل کرنے کا مطالبہ کر دیا۔ ان کے مطابق مجھ سمیت وسیم باری اور جاوید میانداد کو بورڈ سے تو نکال دیا گیا اب عہدیدار اسٹیڈیمز میں ہم سے منسوب انکلوژرز بھی ختم کر کے وہاں اپنے نام لکھوا لیں۔کپتان محمد حفیظ کی جگہ بولنگ کوچ محمد اکرم سے استعفی لینا چاہیے تھا، شاہد آفریدی کو ایک روزہ اور ٹوئنٹی 20 ٹیم کا کپتان بنا دینا چاہیے۔
ماضی کے عظیم لیگ اسپنر نے کہا کہ نجم سیٹھی نے مجھ سمیت تین سابق عظیم کرکٹرز وسیم باری اور جاوید میانداد کوکرکٹ بورڈ سے نکال دیا، اب میری چیئرمین سے گزارش ہے کہ وہ قذافی اسٹیڈیم میں ہمارے نام کے انکلوژرز ختم کر کے انھیں اپنے اور دیگر آفیشلز سے منسوب کردیں، دلبرداشتہ عبدالقادر نے کہا کہ پی سی بی کرکٹرز کی وجہ سے ہے لیکن عہدیداروں نے بیمار احتشام الدین، عظمت رانا، شفقت رانا، معین العتیق سمیت متعدد پلیئرز کو بے روزگار کر کے ان کے گھروں کے چولہے ٹھنڈے کر دیے۔