اسلام آباد (جیوڈیسک) وفاقی حکومت کی طرف سے تمام ترکوششوں کے باوجود 425 میگاواٹ کا نندی پور پاور پلانٹ مطلوبہ نتائج دینے میں ناکام ہو گیا۔
نیشنل ٹرانسمیشن اینڈ ڈسپیچ کمپنی (این ٹی ڈی سی) ذرائع کے مطابق نندی پور پاور پلانٹ کے ذریعے اب تک سسٹم کو بجلی کی فراہمی شروع ہی نہ ہو سکی، حکام کے مطابق ڈیزل کے ذریعے بجلی کی پیداواری قیمت خاصی مہنگی پڑتی ہے۔
اور دوسری طرف پلانٹ فرنس آئل پر چلنے کیلیے ابھی تک تیار ہی نہیں، ذرائع کا کہنا ہے کہ حکومت کی کوشش ہے کہ جب یہ پلانٹ فرنس آئل کے ذریعے بجلی پیدا کرنے کے قابل ہو جائے تو اس وقت اس سے بجلی کی مسلسل پیداوار کا سلسلہ شروع کیا جائے۔
اس سلسلے میں جب نندی پور منصوبے کے منیجنگ ڈائریکٹر کیپٹن (ر) محمود سے رابطہ کیا تو ان کا کہنا تھا کہ یہ پلانٹ ڈیزل اور فرنس آئل دونوں پر چل سکتا ہے، لیکن ابھی فرنس آئل کا اسٹرکچر تیار نہیں ہوا۔
تاہم وہ اپنے اختتامی مراحل میں ہے، انھوں نے بتایا کہ پلانٹ ستمبر تک فرنس آئل کے ذریعے بجلی پیدا کرنے کے قابل ہو جائے گا، کیپٹن (ر) محمود نے مزید بتایا کہ نندی پور میں دن کے اوقات میں کام کرتے ہیں جبکہ رات کے وقت مشین چلاتے ہیں۔
حکومت نے بجلی بحران کو مد نظر رکھتے ہوئے ڈیزل پر چلانے کی ہدایت کی، لیکن اس سے بجلی کی فی یونٹ قیمت خاصی مہنگی پڑتی ہے، جس کا سارا بوجھ صارفین پر پڑے گا، لہٰذا ہماری کوشش ہے کہ جلد سے جلد فرنس آئل کے ذریعے بجلی پیداکی جائے۔