اسلام آباد (جیوڈیسک) نندی پور پاور منصوبہ مشکلات کا شکار ہو گیا، 425 میگاواٹ بجلی کی پیداوار کے حامل منصوبے کی پہلی ٹربائن جس کا افتتاح 3 ماہ قبل وزیر اعظم نواز شریف نے کیا تھا، صرف پیک آورز میں 42 روپے فی یونٹ کے حساب سے بجلی پیدا کر رہی ہے۔
ذرائع کے مطابق منصوبے کے افتتاح کے وقت بتایا گیا تھا کہ یہ ٹربائن فرنس آئل پر چلائی جائے گی تاہم اب تک یہ ٹربائن ڈیزل پر صرف پیک آورز میں ہی چلائی جارہی ہے۔ ذرائع کے مطابق 95 میگاواٹ بجلی کی پیداوار کی حامل دوسری ٹربائن کو دسمبر میں مکمل کیا جانا ہے۔
تاہم حکام کومشینری اورماہرین کے حوالے سے مشکلات کاسامنا ہے۔ این ٹی ڈی سی حکام نے بتایا کہ پیپکواوراین ٹی ڈی سی نے پلانٹ کوآن لائن لانے کی درخواست کی تھی نہ پری میچور پیداوار کی منظوری دی تھی۔
منصوبے کے چیف ایگزیکٹو آفیسر کیپٹن رٹائرڈ محمود نے تصدیق کرتے ہوئے بتایا کہ پلانٹ ڈیزل اور فرنس آئل دونوں پر چلایا جاسکتا ہے تاہم ابھی فرنس آئل کا اسٹرکچرتیار نہیں ہوا تاہم یہ تیاری کے آخری مراحل میں ہے۔
انھوں نے بتایا کہ ستمبر کے آخرتک تمام ضروری مشینری پہنچ جائے گی اور منصوبہ اپنے مقررہ وقت میں مکمل ہو گا۔ وزیر اعظم نواز شریف نے 31 مئی کو منصوبے کے پہلے 95 میگاواٹ پلانٹ کا افتتاح کیا تھا۔ یہ منصوبہ فرنس آئل پر 425 میگاواٹ بجلی پیدا کرے گا تاہم اس کو کمرشل آپریشن کا درجہ حاصل کرنے میں مزید 5 ماہ لگ جائیں گے۔