نندی پورپراجیکٹ اور سولر منصوبے سےاسی سال بجلی کی پیداوارشروع ہوجائےگی، شہباز شریف

Shahbaz Sharif

Shahbaz Sharif

لاہور (جیوڈیسک) وزیر اعلیٰ پنجاب میاں شہباز شریف کہتے ہیں کہ نندی پور پاور پراجیکٹ اور سولر منصوبے سے رواں برس بجلی کی پیداوار شروع ہوجائے گی۔ لاہور میں وزیر اعلٰی شہباز شریف اور گورنر پنجاب چوہدری محمد سرور نے صدر مملکت ممنون حسین سے ملاقات کی۔

جس میں صوبائی وزیرقانون رانا ثناءاللہ اور دیگر اعلیٰ حکام بھی موجود تھے۔ ملاقات کے دوران ملک کو درپیش مسائل سے نمٹنے کے لئے کئے گئے اقدامات، پنجاب کے ترقیاتی منصوبوں اور حالیہ دورہ چین پرتبادلہ خیال کیا گیا۔

اس موقع پر وزیر اعلیٰ پنجاب نے صدر کو بتایا کہ مسلم لیگ (ن) کی حکومت توانائی بحران کے حل کے لئے سنجیدہ اور مخلصانہ اقدامات کررہی ہے۔ نندی پور پاورپراجیکٹ پرچین کے تعاون سے دن رات کام جاری ہے اور مئی سے بجلی کی مرحلہ وار پیداوار کا آغاز کردے گا۔

اس کے علاوہ پنجاب حکومت کے سولرپراجیکٹ سے بھی رواں برس بجلی کی پیداوار شروع ہوجائے گی، جس سے توانائی کے بحران پر قابو پانے میں مدد ملے گی۔ انہوں نے کہا کہ پنجاب حکومت نے صوبے کے عوام کو بنیادی سہولیات کی فراہمی کا بیڑا اٹھا رکھا ہے اس سلسلے میں چین کے تعاون سے لاہور سمیت پنجاب کے بڑے شہروں میں جدید انفرا اسٹرکچر کی فراہمی کے منصوبے شروع کئے جارہے ہیں۔