نندی پور پراجیکٹ کی پہلی 100 میگاواٹ ٹربائن کا کامیاب تجربہ

Nandi Pur

Nandi Pur

گوجرانوالا (جیوڈیسک) وزیراعلیٰ پنجاب شہباز شریف کا کہنا ہے کہ نندی پور پاور پراجیکٹ تین سال تک التوا کا شکار رہنے سے ملک کو دو سو سے ڈھائی سو ارب روپے کانقصان ہوا۔ موجودہ حکومت میں یہ منصوبہ ہدف سے چھ ماہ پہلے مکمل ہورہا ہے جس سے 15 ارب روپے کی بچت ہوگی۔نندی پور پاور پراجیکٹ کی پہلی 100 میگا واٹ ٹربائن کا کامیاب تجربہ کر دیا گیا۔ وزیراعلیٰ پنجاب شہباز شریف کا کہنا ہے کہ چینی حکومت سے معاہدہ ہوا تھا جس کے مطابق اس کی پہلی ٹربائن نومبر 2014ء میں چلنی تھی مگر دن رات محنت کی وجہ سے 31 مئی کو 100 میگا واٹ نیشل گرڈ میں شامل ہوجائیں گے۔

نندی پور پاور پراجیکٹ سے نیشنل گرڈ میں بجلی پہنچانے کے لیے سوئچ یارڈ اور کنٹرول روم کی تیاری مکمل ہوچکی ہے۔ شہباز شرف کا کہنا ہے کہ اس منصوبے پر پوری قوم کی نظریں جمی ہوئی تھیں۔ وہ قوم کو مبارک باد دیتے ہیں کہ ڈھائی سال پہلے نندی پور کا مردہ تابوت اپنے کندھوں پر اٹھایا تھا اس تابوت سے ایک مردہ پلان کو پھر سے زندہ کر دیا گیا ہے۔

31مئی کو وزیر اعظم میاں محمد نواز شریف نندی پور پاور پراجیکٹ کا باقاعدہ افتتاح کریں گے اور اس کے بعد ہر دو ماہ میں 100میگا واٹ کی دوسری تینوں ٹربائن چلنے شروع ہوجائیں گی جس سے 425 میگا واٹ بجلی اسی سال کے آخر تک نیشنل گرڈ میں شامل ہوجائے گی۔