کابل (جیوڈیسک) افغان صوبے ننگرہار میں سکیورٹی فورسز نے فضائی کارروائی کی جس میں داعش کے 17 دہشت گرد ہلاک ہو گئے۔ ادھر طالبان کے بڑھتے حملوں کے پیش نظر شورش زدہ صوبے ہلمند میں مزید امریکی فوجی بھیج دئیے گئے۔
ترجمان کرنل مائیکل لاہورن نے کہا نئے دستے سکیورٹی کی صورتحال کو مزید بہتر بنائیں گے اور افغان فوج کی 25ویں کور کو مشاورت فراہم کریں گے۔ قبل ازیں امریکی حکام اعلان کر چکے ہیں ان کی تعداد 200 ہو گی لیکن امریکی کمانڈر نے تعداد بتانے سے انکار کر دیا۔ انہوں نے کہا یہ مقامی فوج کی معاونت کریں گے۔ لڑاکا مشن میں حصہ نہیں لیں گے۔
یاد رہے ہلمند میں افغان فورسز کو طالبان کے حملے روکنے کیلئے مشکل پیش آ رہی ہے۔ یہ فوجی ہلمند میں پہلے سے موجود امریکی مشیروں کو تحفظ دیں گے۔ افغان فوجی کمانڈر نے کہا طالبان کیخلاف لڑائی میں یہ اہم قدم ہے۔