ننکانہ صاحب (جیوڈیسک) قومی اسمبلی کے حلقہ ایک سو سینتیس ننکانہ صاحب میں ضمنی انتخابات آج ہو رہے ہیں۔
مسلم لیگ ن کے رائے منصب علی خان کی وفات کے بعد خالی ہونے والی نشست پر دس امیدواروں میں مقابلہ ہے ۔ رائے منصب علی خان کی وفات کے بعد خالی ہونے والی قومی اسمبلی کی اس نشست پر مرحوم کی صاحبزادی ڈاکٹر شذرہ منصب علی خان مضبوط امیدوار ہیں۔
آزاد امیدوار بریگیڈیئر ریٹائرڈ اعجاز شاہ کو تحریک انصاف اور عوامی تحریک کی حمایت حاصل ہے جبکہ پیپلز پارٹی نے رائے شاہ جہان بھٹی کو میدان میں اتارا ہے ، مجموعی طور پر دو لاکھ ستاسی ہزار سات سو انیس ووٹر حق رائے دہی استعمال کریں گے جن کیلئے دو سو چھپن پولنگ سٹیشن قائم کئے گئے ہیں۔
ووٹنگ کا عمل صبح آٹھ بجے شروع ہوگا اور بغیر کسی وقفے کے شام پانچ بجے تک جاری رہے گا ۔ حلقے میں اڑتالیس پولنگ سٹیشنز کو حساس قرار دیا گیا ہے ، کسی بھی ناخوشگوار صورتحال سے نمٹنے کیلئے ایک ہزار ایک سو انتیس پولیس اہلکار تعینات ہونگے ، رینجرز کے دو دستے بھی ننکانہ صاحب پہنچ گئے ہیں۔