ننکانہ صاحب (جیوڈیسک) مانا والا کے قریب ٹینکر حادثے میں جھلسنے والے 14 افراد میں سے 2 زخمی الائیڈ اسپتال فیصل آباد میں دم توڑ گئے۔ حاثے میں جاں بحق ہونے والوں کی تعداد 11 ہوگئی۔
مانانوالہ کا علاقہ کوٹ وار، سڑک کے بیچوں بیچ کھڑا ایل پی جی ٹینکر، دھند میں اندھا دھند چلتی کار ٹینکر کے نیچے سے گزرگئی ، ٹینکر کا ایک لیورٹوٹ گیا اور مائع گیس خارج ہونے لگی، کار ڈرائیور نے بریک لگائی ، غصے سےپلٹا ، آؤ دیکھا نہ تا ؤ ٹینکر ڈرائیور سے الجھ پڑا۔
ایک طرف اُن کے درمیان تکرار جاری تھی اور دوسری طرف مائع گیس موت بن کر سڑک پر پھیلتی رہی۔ عینی شاہدین کے مطابق سڑک کنارے چھوٹی دکانوں پر بیٹھے کسی شخص نے ماچس جلائی اور ہولناک آگ بھڑک اٹھی۔
شعلوں میں لپٹے ٹینکرکے قریب کھڑی گاڑیاں ، رکشے،موٹرسائیکل اور دکانیں راکھ ہو گئیں۔چنگ چی رکشے میں سوار محمود پورہ کے ایک ہی خاندان کے 4کمسن بچے اور 2 خواتین ٹیچرز کو بھی موت نگل گئی۔ روتے ،بین کرتے والدین، دیوانہ وار نکل آئے، راکھ میں پیاروں کو ڈھونڈتے رہے ۔ ریسکیو ٹیموں نےلاشوں اور زخمیوں کو ننکانہ اور فیصل آباد کےاسپتالوں میں پہنچا یا جہاں ان کی حالت تشویشناک ہے۔