فرانسیسی (جیوڈیسک) فرانسیسی بادشاہ نپولین بوناپارٹ کا ایک ’بائیکورن‘ ہیٹ 19 لاکھ یورو میں نیلام ہوا ہے۔ اس زمانے میں فوجی افسران میں مقبول دو کونوں والا یہ ہیٹ جنوبی کوریا سے تعلق رکھنے والے ایک شخص نے خریدا ہے
بظاہر نپولین نے یہ ہیٹ سنہ 1800 میں مارنگو کی جنگ میں پہنا تھا بعد ازاں اسے بادشاہ کے ماہرِ امراض حیوانات کو تحفے میں دے دیا گیا تھا پیرس کے قریب فونٹین بلو میں ہونے والی نیلامی میں یہ ہیٹ موناکو کے شاہی خاندان نے فروخت کے لیے پیش کیا تھا۔
اتوار کو ہونے والی اس نیلامی میں نپولین کی دیگر بہت سی یادگاری اشیا بھی نیلام کی گئیں۔ یہ تمام اشیا موناکو کے شہزاد لوئی دوئم نے جمع کی تھیں جو موجودہ حکمران شہزاد البرٹ کے آباواجداد میں سے تھے۔
موناکو کا شاہی خاندان اپنے محل کی تزئین و آرائش کے لیے درکار رقم کے حصول کی خاطر ان اشیا کو نیلام کر رہا ہے۔ نیلام گھر نے نپولین کے ہیٹ کی متوقع قیمت تین سے چار لاکھ یورو کے درمیان لگائی تھی۔
جنوبی کوریا سے تعلق رکھنے والے خریدار نے اس ہیٹ کے لیے 15 لاکھ یورو کی کامیاب بولی لگائی لیکن دیگر اخراجات ملا کر اسے 19 لاکھ یورو ادا کرنے پڑے۔ نیلام کیا گیا بائیکورن ہیٹ اس وقت دنیا میں موجود نپولین کے 19 ہیٹس میں ایک ہے۔ نپولین نے اپنے دور میں مختلف مواقع پر کل 120 مختلف ہیٹ پہنے تھے۔ نپولین نے خود کو 1804 میں بادشاہ قرار دیا تھا اور اس کے بعد اس نے 1815 میں اپنی شکست تک مختلف یورپی طاقتوں کو اپنا باجگزار بنا لیا تھا۔