کراچی (جیوڈیسک) کراچی میں نقیب اللہ محسود کا ایک اور دوست قتل کر دیا گیا۔ دو روز گزر جانے کے باوجود پولیس مقدمہ درج نہ کر سکی۔
کراچی کی مظفرآباد کالونی میں نقیب اللہ محسود کے قریبی دوست مانیال خان نامی نوجوان کو موت کے گھاٹ اتار دیا گیا۔ مانیال خان ٹرانسپورٹ اور ریتی بجری کے کاروبار سے منسلک تھا۔
مقتول کے بھائی زین اللہ کا کہنا ہے کہ وہ 24 تاریخ کی رات کو گھر سے نکلا اور پھر نہ لوٹا، قتل کو 2 روز گزر چکے ہیں لیکن مانیال کے ورثا مقدمے کے اندراج اور قاتلوں کی گرفتاری کے منتظر ہیں۔
نوجوان کے قتل پر پولیس روایتی سستی اور بیانات سے زیادہ کچھ نہ بتا سکی، پولیس کا کہنا ہے کہ مقدمے کے اندراج کے بعد تحقیقات کا باقاعدہ آغاز کیا جائے گا۔