نارنگ منڈی (جیوڈیسک) نارنگ منڈی کے نواحی گاؤں کالا خطائی میں اہل علاقہ نے 12 روز سے ٹرانسفارمر جل جانے کے باعث بجلی کی بندش کیخلاف احتجاجی دھرنا دیا۔ مظاہرین نے بجلی کے بل پھاڑ دیئے اور واپڈا حکام سے فوری طور پر نئے ٹرانسفارمر کی تنصیب کا مطالبہ کیا۔
مشتعل مظاہرین نے گرمی سے بیہوش ہونیوالے 4 افرادکی چارپائیاں رکھ کر سڑک کو بلاک کر دیا۔ مظاہرین کا کہنا تھا کہ واپڈا کا عملہ ٹرانسفارمر کی درستگی کیلئے بھاری رقم طلب کر رہا ہے اور 12 روز گزر جانے پر بھی متبادل ٹرانسفارمر نصب نہیں کیا گیا جس کی وجہ سے گرمی کی تاب نہ لاتے ہوئے روزانہ کئی دیہاتی بیہوش ہو رہے ہیں۔
جبکہ پینے کا پانی تک میسر نہیں اور مساجد میں لوگ وضو کیلئے پانی کی بوند بوند کو ترس رہے ہیں۔ واپڈا کا عملہ جان بوجھ کر پریشان کر رہا ہے۔ گرمی میں بجلی کی بندش کے باعث بچوں، عورتوں اور بوڑھوں کی حالت قابل رحم ہو چکی ہے۔