سری نگر (جیوڈیسک) بھارتیہ جنتا پارٹی کے رہنما نریندر مودی نے عام آدمی پارٹی کے سربراہ اروند کیجریوال کو پاکستانی ایجنٹ قرار دے دیا ہے۔ بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق مقبوضہ جموں کشمیر کے علاقے ہیرا نگر میں جلسے سے خطاب کرتے ہوئے نریندر مودی کا کہنا تھا کہ اروند کیجریوال کو پاکستان میں بہت پسند کیا جاتا ہے، ان کے ساتھی مقبوضہ جموں کشمیر کے مسئلے پر پاکستان کی حمایت کرتے ہیں، یہ لوگ پاکستانی ایجنٹ ہیں۔
اروند کیجریوال کو ان کے 49 دنوں کی وزارت اعلی کے سبب ‘اے کے 49′ سے مخاطب کرتے ہوئے نریندر مودی کا کہنا تھا کہ ان کی ویب سائٹ پر بھی مقبوضہ جموں کشمیر کو بھارت کا حصہ نہیں دکھایا گیا ہے، یہ سب اے کیز پاکستان کے حمایتی ہیں جو بھارت کو خون میں نہلانا چاہتے ہیں۔