نئی دہلی (جیوڈیسک) وزیراعظم نوازشریف نو منتخب بھارتی وزیر اعظم نریندر مودی کی تقریب حلف برداری میں شرکت کیلئے نئی دہلی پہنچ گئے۔ نئی دہلی ایئرپورٹ پر اعلیٰ سرکاری حکام نے وزیر اعظم نواز شریف کا استقبال کیا۔مشیر خارجہ سرتاج عزیز ،معاون امور خارجہ طارق فاطمی ، سیکریٹری خاجہ اعزاز احمد چوہدری ، پولیٹیکل سیکریٹری آصف کرمانی اور حسین نواز بھی وزیراعظم کے وفد میں شامل ہیں۔
اس سے قبل لاہور ایئرپورٹ پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے وزیر اعظم نواز شریف کا کہنا تھا کہ امن کا پیغام لے کرجارہاہوں، مذاکرات ہی مسائل کا حل ہیں،بھارت سمیت تمام ہمسایہ ممالک سیدوستی ہماری ترجیحات میں شامل ہے۔
وزیر اعظم نواز شریف دورہ بھارت کے دوران نو منتخب بھارتی وزیر اعظم سے ون آن ون ملاقات کریں گے ، جس کے دوران دوطرفہ اہم امور اور کرکٹ تعلقات کی بحالی پر بات چیت کا بھی امکان ہے۔نو منتخب بھارتی وزیراعظم کی تقریب حلف برداری میں پاکستان سمیت کئی سارک ممالک کے سربراہان شرکت کریں گے۔ نریندر مودی آج شام بھارتی وزیر اعظم کی حیثیت سے حلف اٹھائیں گے۔