نئی دہلی (جیوڈیسک) انڈیا میں فروغ انسانی وسائل کی وزیر سمرتی ایرانی کی ڈگری کے متعلق جس طرح کا تنازع کھڑا ہوا تھا، اسی طرح کا نیا تنازع اب وزیر اعظم نریندر مودی کی تعلیم اور تاریخ پیدائش کے متعلق سامنے آیا ہے۔ اس سلسلے میں گذشتہ سات برسوں کے دوران بہت سے آر ٹی آئی (رائٹ ٹو انفارمیشن) کارکنوں نے گجرات یونیورسٹی سے معلومات کا مطالبہ کیا تھا لیکن انھیں معلومات نہیں مل پائی تھیں۔
گجرات کانگریس کی طرف سے یہ سوال پوچھا جا رہا ہے کہ نریندر مودی نے گریجویشن کی ڈگری کہاں سے حاصل کی اور ان کی تاریخ پیدائش کیا ہے؟۔گجرات کانگریس کے سینیئر لیڈر شکتی سنگھ گوہل نے کہا کہ ’کئی برسوں سے گجرات کے آر ٹی کے لیے کوشاں رہے ہیں، لیکن ہر بار آر ٹی آئی افسر اسے ذاتی معلومات قرار دے کر ٹالتے رہے ہیں۔‘ مرکزی انفارمیشن کمشنر کے حکم کے بعد گجرات یونیورسٹی نے بتایا کہ نریندر مودی نے 1983 میں پولیٹیکل سائنس میں ماسٹرز کی ڈگری حاصل کی۔
مودی نے ماسٹرز میں داخلے کے وقت گریجویشن سرٹیفیکیٹ کس یونیورسٹی کا دیا، یہ نہیں بتایا جا رہا ہے۔الیکشن کمشن میں دئیے جانے والے حلف نامے کے دستاویزات کے مطابق نریندر مودی نے 1967 میں میٹرک پاس کیا، 1978 میں دہلی یونیورسٹی سے بی اے پاس کیا اور 1983 میں گجرات سے ماسٹرز۔ لیکن آج تک کسی نے ان کا گریجویٹ سرٹیفیکیٹ نہیں دیکھا اور اس معاملے میں گجرات یونیورسٹی بھی خاموش ہے۔
گوہل نے ایک اور مسئلے کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ ’الیکشن کمیشن کی دستاویز کے مطابق نریندر مودی کی پیدائش 17 ستمبر 1950 میں ہوئی تھی۔ لیکن جہاں سے مودی نے سکول کی تعلیم حاصل کی ، مودی کی تاریخ پیدائش 29 اگست 1949 ہے۔