نئی دلی (جیوڈیسک) بھارت کے دارالحکومت نئی دلی کے بھارتیہ راشٹرا بھون میں نئے وزیر اعظم نریندرا مودی کی حلف برداری کی تقریب ہوئی جس میں پاکستانی وزیراعظم میاں محمد نواز شریف، افغان صدر حامد کرزئی اور سری لنکن صدر مہندا راجا پکسے سمیت بڑی تعداد میں غیر ملکی سفیروں اور مہمانوں نے شرکت کی۔
بھارتی صدر پرناب مکھر جی نے نریندرا مودی سے بھارت کے 15ویں وزیر اعظم کا حلف لیا۔ بھارتی وزیر اعظم نے ہندی میں حلف اٹھایا۔ اس سے قبل وزیر اعظم محمد نواز شریف بھارت کے نو منتخب وزیر اعظم نریندرا مودی کی تقریب حلف برداری میں شرکت کیلئے راشٹریہ بھون پہنچنے تو ان کا زبردست استقبال کیا گیا۔
وزیر اعظم نواز شریف کی آمد پر تالیاں بجا کر اور حاضرین نے کھڑے ہو کر استقبال کیا۔ وزیراعظم نے اس موقع پر سابق بھارتی وزیراعظم من موہن سنگھ، بی جے پی کے رہنماء ایل کے ایڈوانی اور سابق بھارتی صدر عبدالکلام اور دیگر شخصیات کے ساتھ مصافحہ کیا، خوشگوار جملوں کا تبادلہ کیا اور خیریت دریافت کی۔
وزیراعظم نواز شریف پہلی صف میں سابق وزیراعظم من موہن سنگھ کی برابر والی نشست پر براجمان تھے جبکہ افغان صدر حامد کرزئی ان کے بائیں جانب بیٹھے تھے۔ اس کے علاوہ ساتھ والی نشستوں پر سونیا گاندھی، ایل کے ایڈوانی اور سارک ممالک کے سربراہان اور دیگر اہم شخصیات بیٹھی تھیں۔ بھارت کے نو منتخب وزیراعظم نریندرا مودی کی تقریب حلف برداری میں چار ہزار کے قریب شخصیات نے شرکت کی۔
بعد ازاں نئی بھارتی حکومت کی ٹیم نے اپنے عہدوں کا حلف اٹھایا۔ 24 وزیر، 10 وزرائے مملکت اور 11 جونیئر وزراء پر مشتمل ٹیم میں راج ناتھ سنگھ کو بھارت کا نیا وزیر داخلہ، ارون جیتلی وزیر خزانہ، سُشما سوراج کو وزیر خارجہ، نجمہ ہیبت اللہ کو اقلیتی امور، نیتین گدکاری وزیر ٹرانسپورٹ، گوپی ناتھ منڈے دیہی ترقی، مانیکا گاندھی ترقی خواتین اور اشوک جی راجو شہری ہوا بازی کا وزیر بنایا گیا ہے۔
بھارتی وزیر اعظم کی ویب سائٹ پر نریندرا مودی نے بھارتی عوام کے نام اپنے پیغام میں کہا ہے کہ بھارت کے عوام نے ترقی، گُڈ گورننس اور ملک میں استحکام کیلئے مینڈیٹ دیا ہے۔ بھارت کو ترقی کی نئی منازل پر پہنچانے کیلئے عوام کے تعاون اور حمایت کی ضرورت ہے۔ آئیں مضبوط، مستحکم اور ترقی یافتہ بھارت کا مل کر خواب دیکھیں۔ عوام کے ساتھ مل کر ترقی کے سفر کو نئی بلندیوں پر لے جائیں گے۔