نریندر مودی کی دعوت قبول کرنا وزیراعظم کا اچھا فیصلہ تھا: شان

Shan

Shan

کراچی (جیوڈیسک) اداکار، ہدایتکار اور رائٹر شان شاہد نے کہا ہے کہ وزیر اعظم نواز شریف کا بھارتی وزیر اعظم نریندر مودی کی دعوت پر تقریب حلف برداری میں جانا موجودہ صورتحال میں دونوں ملکوں کے درمیان بہتر تعلقات کیلئے اچھا فیصلہ تھا۔ بھارتی فلمساز و ہدایتکار مہیش بھٹ کے ساتھ مشترکہ انڈو پاک فلمسازی کا آغاز کیا ہے، دونوں سربراہان کی ذمہ داری ہے کہ وہ اس کو آگے بڑھانے میں اپنا کردار ادا کریں تاکہ فلمی تجارت کو فروغ مل سکے۔

ہم چاہتے ہیں کہ نئی بھارتی حکومت کی آمد سے دونوں ممالک کے درمیان ثقافتی پالیسی تشکیل پائے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے نمائندہ دنیا سے خصوصی گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ شان کا کہنا تھا کہ ہم نے بھارتی فلم ارتھ کو پاکستانی کلچر میں فلمانے کا کام شروع کر دیا ہے۔ فلم کا میوزک مکمل ہو چکا ہے، پوسٹر کی تعارفی تقریب بھی کر دی گئی ہے۔ پاکستانی فنکاروں کو بھارت میں منفی کرداروں میں کاسٹ نہیں کرنا چاہئے۔ عزت و توقیر کے ساتھ ایک دوسرے کے فنکاروںکو ترجیح دی جانی چاہئے۔ شان نے کہا کہ ہماری خواہش ہے کہ بھارتی فلم ارتھ کے پاکستانی ورژن ارتھ ٹو کو بھارتی وزارت ثقافت سرکاری طور پر بھارت میں عام نمائش کیلئے خصوصی طور پر اجازت دے تا کہ یہ فلم دونوں ممالک کے درمیان امن کے فروغ میں کردار ادا کر سکے۔

واضح رہے کہ فلم کی ہدایات شان دے رہے ہیں، فلم کا منظرنامہ بھی شان نے لکھا ہے۔ مذکورہ فلم کو مکمل کرکے آئندہ سال ریلیز کیا جائے گا۔