اسلام آباد (جیوڈیسک) بھارت کے وزیراعظم نریندرا مودی نے کراچی ائر پورٹ حملے کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ دہشتگردی کے وحشیانہ اقدام سے معصوم جانوں کے نقصان پر بہت افسوس ہوا۔
انہوں نے دہشتگرد حملے میں جاں بحق افراد کے لواحقین سے دلی ہمدردی اور تعزیت کا اظہار بھی کیا۔ بھارتی وزیراعظم نریندرا مودی کی جانب سے وزیراعظم میاں محمد نواز شریف کو لکھے گئے جوابی خط میں ان کا کہنا تھا کہ حلف برداری تقریب میں آپ کی شرکت میرے لئے باعث فخر اور پُرمسرت تھی۔
آپ کی شرکت ہمارے مشترکہ مستقبل اور امیدوں کی عکاس ہے۔ اس سے خطے میں جمہوریت کو استحکام ملے گا۔ دورہ بھارت کے بارے میں آپ کے مثبت تاثرات کا شکریہ ادا کرتا ہوں۔ آپ کیساتھ دو طرفہ امور پر بات چیت اور خیالات میں ہم آہنگی سے حوصلہ افزائی ہوئی۔
نریندرا مودی کا کہنا تھا کہ پاکستان اور بھارت کے خوشگوار تعلقات دوستی، امن اور تعاون سے عبارت ہیں۔ خوشگوار تعلقات دونوں ملکوں کے عوام کے خوشحال مستقبل کی ضمانت ہیں۔ خوشگوار تعلقات سے خطے میں نوجوانوں کو ترقی کے بے پناہ مواقع پیدا ہونگے۔
پاکستان کیساتھ دو طرفہ تعلقات کا نیا باب رقم کرنے کا خواہاں ہوں۔ دو طرفہ خوشگوار تعلقات سے خطے میں ترقی کی رفتار تیز ہوگی۔ ایسی فضا قائم کرنا چاہتے ہیں جس میں تصادم اور مخاصمت نہ ہو۔ بھارتی وزیر اعظم نریندرا مودی نے اپنی والدہ کیلئے ساڑھی کا تحفہ دینے پر وزیراعظم نواز شریف کا شکریہ ادا کیا اور کہا کہ میری والدہ نے آپ کے اس جذبہ خیر سگالی کو بہت سراہا ہے۔