دبئی (جیوڈیسک) بھارتی وزیراعظم متحدہ عرب امارات کے دو روزہ دورے پر گزشتہ شام ابوظہبی پہنچے۔ ائرپورٹ پر انکا استقبال ولی عہد شہزادہ محمد بن زاید النہیان اور انکے 5 بھائیوں نے کیا۔
بھارتی وزیراعظم کو محل آمد پر استقبالیہ دیا گیا۔ اپنی آمد کے کچھ دیر بعد بھارتی وزیراعظم جن کی شخصیت گجرات کے مسلم کش فسادات کرانے کیلئے حوالے سے داغدار ہے، نے مسلمانوں کو اندرون اور بیرون ملک رام کرنے کیلئے ابوظہبی کی شیخ زاید جامع مسجد کا دورہ کیا اور مہمانوں کی کتاب میں اس عظیم مسجد کو دین اسلام کے امن اور بھائی چارے کی تعلیمات کی علامت قرار دیا۔
مسجد کے صحن میں انہوں نے عرب شہزادوں کے ساتھ سیلفیاں بھی بنائیں۔ واضح رہے کہ 1981ء کے بعد سے اب تک یہ کسی بھارتی وزیراعظم کا پہلا دورہ متحدہ عرب امارات ہے۔ 1981ء میں وزیراعظم اندرا گاندھی نے شیخ زاید بن سلطان کے دور حکومت میں یو اے ای کا دورہ کیا تھا۔
نریندر مودی آج یو اے ای کی قیادت سے دوطرفہ تجارت، سٹریٹجک تعلقات اور دیگر امور پر باقاعدہ بات چیت کرینگے۔ ولی عہد شیخ محمد بن زاید کے ساتھ ملاقات کے حوالے سے ٹویٹر پر نریندر مودی نے بتایا کہ انہوں نے شیخ محمد بن زاید کے ساتھ مشترکہ سکیورٹی اور سٹریٹجک تحفظات بشمول دہشت گردی پر تبادلہ خیال کیا۔