نارووال، نارنگ منڈی میں 10 روز بعد بھی کئی کئی فٹ پانی کھڑا ہے

Flood

Flood

نارووال (جیوڈیسک) نارووال، نارنگ منڈی اور بدوملہی میں بڑا سیلابی ریلا آئے 10 دن سے زائد بیت گئے۔ ان علاقوں میں ناصرف آج بھی زندگی پانی کے حصار میں ہے، بلکہ کئی کئی فٹ پانی بہنے سے سڑکوں کا بھی نام ونشان مٹ چکا ہے۔

مقبوضہ کشمیر میں بارشیں بڑھ جائیں تونالہ ڈیک اورنالہ بھیڈ اپنا تمام غصہ نارووال، نارنگ منڈی اور بدوملہی کے علاقوں پر اتارتے ہیں،ان برساتی نالوں میں بڑا سیلابی ریلا آئے 10 دن سے زیادہ بیت گئے ، زندگی ہے کہ آج بھی پانی کے گھیرے میں ہے۔

لوگوں کاایک ہی شکوہ،حکومتی نمائندے ان کا علاقہ کیوں بھول گئے۔ سٹرکیں اور پل بہہ گئے، زمینی رابطہ کٹ چکا، تاحدِ نگاہ پانی ہی پانی، آج بھی سڑکیں اور راستے ہیں کہ ڈھونڈے نہیں ملتے۔ سیلاب کاعفریت ہر چیز نگل چکا،ونجی جسے پانی کی فصل کہا جاتا ہے۔

ہزاروں ایکڑ پر کھڑی یہ فصل بھی پانی کاعذاب نہ سہہ سکی۔ ایمرجنسی فلڈ میڈیکل ریلیف کیمپوں کے بینرز لگے ہوئے مگر، نا کوئی ڈاکٹر، نا ہی علاج معالجے کی صحیح سہولت دستیاب ہے۔ سیلابی آفت نے فصلیں اور گھر بارہی اجاڑے، مال مویشیوں کو بچوں کی طرح پالنے والے یہ دیہاتی چارہ نہ ملنے پر بھی غم سے نڈھال ہیں۔ پنجاب میں آنے والے سیلاب نے جہاں نارنگ منڈی اور اسکے اطراف میں ہزاروں ایکٹر میں کھڑی فصلوں کو نقصان پہنچایا، وہیں سیکڑوں دیہات کے افراد کو شدید مالی مشکلات کا سامنا کر نا پڑ رہا ہے۔