نارووال اور شکرگڑھ میں لوڈ شیڈ نگ کے مسائل پر قابو پانے کے لئے خصوصی اقدامات کئے گئے ہیں۔ منیر احمد

Gepco

Gepco

گوجرانوالہ : گوجرانوالہ الیکٹرک پاور کمپنی (گیپکو) کے چیف ایگزیکٹو منیر احمد میاں نے کہا ہے کہ نارووال اور شکرگڑھ میں لوڈ شیڈ نگ کے مسائل پر قابو پانے کے لئے خصوصی اقدامات کئے گئے ہیں۔ رمضان المبارک میں لوگوں کو زیادہ سے زیادہ بجلی فراہم کرنے کے لئے عید تک تمام پرمٹ کینسل کر دئیے گئے ہیں۔

دونوں ڈویژنوں کو 4اضافی ٹرانسفامر ٹرالیاں مہیا کی جائیں گی۔کمپلینٹ سنٹرز کا نظام مزید بہتر بنانے کے لئے سٹاف کو خصوصی ہدایات دے کر وافر میٹریل مہیا کیا گیا ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوںنے نارووال اور شکرگڑھ کے دورہ کے موقع پر مختلف وفود سے بات چیت کرتے ہوئے کیا۔اس موقع پر چیف انجئینرز چودھری محمدانور،غلام محمدایس ای سیالکوٹ محمد افضل باجوہ ایکسین نارووال ساجد حمید،ایکسئن شکرگڑھ ایوب الرحمن و دیگر بھی موجود تھے۔ چیف ایگزیکٹو نے اس دوران نارووال ،شکرگڑھ ،ظفر وال اور بد ملہی و دیگر علاقوں کے گرڈ اسٹیشنز ،کمپلینٹ سنٹرز اور ایکسئینز و ایس ڈی اوز کے دفاتر چیک کئے اور ممبران اسمبلی عوامی نمائندوں انجمن تاجراں اور میڈیا کے نمائندوں سے بھی ملاقات کی۔

چیف ایگزیکٹو نے اس موقع پر مختلف بازاروں اور مارکیٹوں میں جا کر برائے راست عوام الناس کے مسائل سنے اور ان کے حل کے لئے موقع پر احکامات جاری کئے۔ چیف ایگزیکٹو نے کہا کہ اگر کوئی افسر یا ملازم غفلت اور کوتاہی کا مرتکب پایا گیا تو کوئی رعایت نہیں کی جائے گی۔صارفین کے ساتھ اپنا رویہ شائستہ رکھیں خود کو کسٹمرز کا مددگار ثابت کریں۔ ا نہوں نے افسران کو ہدایت کی کے ان علاقوں میں ترقیاتی کاموں کے لئے زیادہ سے زیادہ ایل ٹی پرپوزلز بنائی جائیں تاکہ علاقہ میں بجلی کا نظام مثالی بن جائے اور کسی کو تکلیف کا سامنا نہ کرنا پڑے۔ چیف ایگزیکٹو منیر احمد میاں نے ریپڈ رسپانس سنٹرز کے انتظامات کو مزید بہتر بنانے اور معیاری کسٹمر سروسز پر زور دیا۔