نارروال میں نالہ ڈیک کی سطح میں خطرناک حد تک اضافہ

Narrual

Narrual

نارووال (جیوڈیسک) نارووال میں نالہ ڈیک میں پانی کی سطح میں مسلسل اضافہ ہورہا ہے، راجن پور کے گاوں بیٹ فتح خان کے مکین پانی گھر وں میں داخل ہونے کے بعد نقل مکانی پر مجبور ہو گئے ہیں۔ راجن پور کی دو کونسلوں کا زمینی رابطہ بحال ہو گیا ہے۔ نارووال میں نالہ ڈیک میں پانی کی سطح 17 ہزار کیوسک سے بڑھ کر 22 ہزار کیوسک تک پہنچ گئی ہے۔ محکمہ آب پاشی کے مطابق نالہ ڈیک میں پانی کی سطح مزید بڑھنے کا خدشہ ہے ،ہنگامی صورتحال کے باعث 40 دیہات میں ہائی الرٹ کر دیا گیا، جبکہ پسرور اور نارووال جانے والی سڑک ٹریفک کے لیے بند کر دی گئی۔

گوجرانوالہ میں ہیڈ مرالہ کے مقام پر دریائے چناب میں پانی کی سطح بلند ہو کر 1 لاکھ 23 ہزارکیوسک تک پہنچ گئی ہے، مسلسل بارشوں کے باعث نالہ بھمبرمیں پانی کی سطح 14 ہزار نو سو کیوسک تک ریکارڈ کی جارہی ہے۔ نالہ پلکھو میں طغیانی، پانی کی سطح 3 ہزار پانچ سوکیوسک تک پہنچ گئی۔ جعفرآباد کے ضلعی ہیڈکوارٹر ڈیرہ اللہ یار کے سرکاری دفاتر میں سیلابی پانی داخل ہوگیا ہے۔ ضلعی انتظامیہ نے بھاری مشینری کی مدد سے پانی کو روکنے کے لئے بند کی تعمیر کا کا م شروع کر دیا ہے۔

نصیرآباد کے علاقوں گڑھی رحمن، بابا کوٹ، قبولہ، شوری، اور دیگر علاقے سیلابی پانی کی زد میں ہیں۔ دریائے سند ھ میں تونسہ کے مقام پر پانی کی سطح میں مسلسل اضافہ ہو رہا ہے۔ گاوں بیٹ فتح خان کے مکین پانی گھر وں میں داخل ہونے کے بعد نقل مکانی پر مجبور ہو گئے۔ راجن پور کی 2 یونین کونسلوں فتح پور اور حاجی پور کے زمینی راستے بحال ہو گئے ہیں تاہم لال گڑھ کا زمینی رابطہ منقطع ہے۔ گلگت بلتستان کے علاقے چلاس میں پہاڑی ندی نالوں سے آنیوالے سیلابی ریلا گھروں میں داخل ہو نے سے لوگوں کو شدید پریشانی کا سامنا ہے۔