ممبئی (جیوڈیسک) بالی ووڈ اداکار نصیر الدین شاہ کو ستیا جیت رے کے ساتھ کام نہ کرنے کا پچھتاوا ہے۔ نصیرالدین شاہ نے کہا کہ معروف فلمساز ستیارجیت رے نے ان کی فلم ’’ مرچ مصالحہ‘‘ میں ان کے کام کو بے حد سراہا تھا اور انھیں ہمیشہ ستیاجیت رے کے ساتھ کام کرنے کا شوق رہا۔ انھوں نے کئی مرتبہ سوچا کہ وہ ستیا جیت رے کے نام ایک خط لکھ کر اپنے لیے رول کی درخواست کریں لیکن ان کا حوصلہ نہ ہوا کہ وہ ایسا کرسکیں۔ انھیں افسوس ہے کہ انھوں نے ایسا کیوں نہ کیا اب ان کو زندگی بھر پچھتاوا رہے گا۔
انھوں نے بتایا کہ ان کی ستیا جیت رے سے پہلی ملاقات 22 سال کی عمر میں ہوئی تھی۔ وہ برگ مین کی فلم ’’ سائلنس ‘‘ دیکھنے کے لیے میرے ساتھ والی نشست پر تشریف فرما تھے اور ان کی موجودگی کی وجہ سے وہ فلم کو ٹھیک سے بھی نہ دیکھ پائے تھے۔ انھوں نے کہا کہ انھیں حیرت ہوتی ہے کہ ستیا جی کی کوئی فلم یا کوئی کردار ان کے حصے میں نہ آیا۔