لاہور (جیوڈیسک) وزیرِاعلی پنجاب میاں شہباز شریف نے کہا ہے کہ میں نے اور اپوزیشن لیڈر، دونوں نے نگران وزیرِاعلیٰ ناصر خان کھوسہ کا نام فائنل کر کے سمری گورنر کو بھیجی، اسے واپس لینے کی بات سمجھ میں نہیں آئی۔
وزیرِاعلیٰ پنجاب میاں شہباز شریف نے تحریکِ انصاف کی جانب سے نگران وزیرِاعلیٰ کیلئے ناصر خان کھوسہ کا نام واپس لینے کے فیصلے پر تنقید کرتے ہوئے کہا ہے کہ نگران وزیرِاعلی کا نام اپوزیشن نے دیا تھا۔ ناصر خان کھوسہ کا نام تمام جماعتوں کے رہنماؤں کی مشاورت کے بعد فائنل کیا گیا تھا۔ ایک مرتبہ نام دے کر واپس لینا سمجھ سے بالاتر ہے۔
دنیا نیوز کے مطابق شہباز شریف کا کہنا ہے کہ ایک مرتبہ جب سمری گورنر کو ارسال کر دی جائے تو واپس نہیں ہوا کرتی۔ نگران وزیرِاعلیٰ کے لئے سمری وزارتِ قانون نے گورنر ہاؤس بھیج دی ہے۔
گورنر پنجاب رفیق رجوانہ کل رات 12 بجے نگران وزیرِاعلیٰ کی سمری پر دستخط کر دیں گے جو حکومت کی آئینی مدت پوری ہونے کے بعد جاری کیا جائے گا۔ پوری کوشش ہے کہ نگران وزیراعلیٰ ناصر خان کھوسہ ہی ہوں۔