نصراللہ شجیع اور انکے شاگرد کی تلاش تیسرے روز بھی جاری

Nasrallah

Nasrallah

مانسہرہ (جیوڈیسک) مانسہرہ کے دریائے کنہار میں ڈوب جانے والے جماعت اسلامی سندھ کے نائب امیر نصراللہ شجیع اور انکے شاگرد کی تلاش کا کام تیسرے روز بھی جاری ہے۔ریسکیو اہلکاروں نے انتظامیہ کی عدم دلچسپی پر افسوس کا اظہار کیا ہے۔

الخدمت فاوٴنڈیشن اور جماعت اسلامی کے 200 سے زائد ریسکیو اہلکاروں نے 2روز میں دریائے کنہار میں بالاکوٹ کے ایوب برج سے گڑھی حبیب اللہ تک دریا کا چپہ چپہ چھان مارا۔ دریا سے متصل دیہاتوں میں بھی تلاش جاری ہے لیکن ابھی تک نصراللہ شجیع اور انکے دسویں جماعت کے طالبعلم سفیان آصف کا کچھ پتہ نہیں چل سکا ہے۔

نصراللہ شجیع کے بھائی وقار خان، بھتیجے فہد اور بہنوئی فاروق خان گذشتہ رات بالاکوٹ پہنچ گئے۔ جماعت اسلامی کے مقامی رہنماوٴں نے ان سے اظہار ہمدردی کیا۔ نصراللہ شجیع اور انکے شاگرد کی تلاش میں کامیابی کے لئے بھرپور دعائیں کی جارہی ہیں۔ کے پی کے میں جماعت اسلامی کی مخلوط حکومت ہونے کے باوجود ریسکیو انچارج خالد رحمان نے نصراللہ شجیع کی تلاش میں انتظامیہ کی عدم دلچسپی کی شکایت کی ہے۔