قوم کو تعمیر بذریعہ تعلیم مہم کے ذریعے ایک نیا جذبہ دیں گے : محمد زبیر صفدر
Posted on October 9, 2013 By Majid Khan لاہور
لاہور : اسلامی جمعیت طلبہ پاکستان کے ناظم اعلیٰ محمد زبیر صفدرنے کہا ہے کہ تعمیر بذریعہ تعلیم کے ذریعے قو م کو ایک نیا جذبہ دیں گے۔ مہنگائی ، غربت اور دہشت گردی سے مجبور قوم کو اپنی مہم کے ذریعے امید ، حوصلے ،ہمت اور جرات کا پیغام دیں گے ان خیالات کا اظہار انہوں نے اسلامیہ کالج سول لائینز میں نئے آنے والے طلبہ کے لئے منعقدہ استقبالیہ سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے مزید کہاکہ طلبہ اس قوم کا مستقبل ہیں جنہیں تعلیم سے دور کرنے کے لئے کوششیں کی جا رہی ہیں۔ انہیں اندھیروں میں بھٹکنے نہیں دیا جائے گا۔
اس وقت بھی دو کروڑ بیس لاکھ بچے تعلیم کی بنیادی سہولت سے محروم ہیں، گھوسٹ تعلیمی ادارے، ٹھیکہ کلاسز،چھت اور چار دیواری سے محروم سکول، سائنس لیبارٹیز اور لائبریز کا فقدان حکمران طبقے کے دعوئوں کی قلعی کھول دینے کے لئے کافی ہے، جن تعلیمی اداروں میں تدریسی عمل جاری بھی ہے تو غیر ملکی مشیروں کے ذریعے ان میں اخلاقیات کا جنازہ نکالا جا رہا ہے، تعلیمی اداروں کا کلچر معاشرتی اوراخلاقی روایات سے دور ہوتا جا رہا ہے۔ ان معاملات کی بہتری کے لئے اقدامات وقت کی اہم ضرورت ہیں اور اس سے نظریں چر اکر ساری قوم کا مستقبل تاریک ہوجائے گا۔ محمد زبیر صفدر نے مزید کہا کہ اسلامی جمعیت طلبہ نے تعلیمی اداروں کی روایات کو یکسر بدل کر رکھ دیا ہے۔
فرسٹ ائیر فولنگ، نئے طلبہ کو تنگ کرنے کی روایات کی جگہ ان کو تعلیمی اداروں میں خوش آمدید کیا جاتا ہے۔ نئے طلبہ کے لئے استقبالیے کی روایات جمعیت کی احسن روایات کا حصہ ہیں۔
by Majid Khan
Nasir Mehmood - Chief Editor at GeoURDU.com