راولپنڈی (جیوڈیسک) آرمی چیف جنرل راحیل شریف کا کہنا ہے کہ قوم کو ملک کی مسلح افواج پر غیر متزلزل اعتماد ہے۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق آرمی چیف جنرل راحیل شریف نے ایف سی ہیڈ کوارٹرپشاور کا دورہ کیا، اس موقع پر آئی جی ایف سی خیبر پختونخوا نے انہیں فورس کی آپریشنل تیاریوں اور اس کے استعداد کار میں اضافے سے متعلق اقدامات کے بارے میں تفصیلی بریفنگ دی۔ دورے کے دوران چیف آف آرمی اسٹاف نے ایف سی کے افسران اور جوانوں سے غیر رسمی گفتگو میں دہشت گردوں کے خلاف جاری آپریشن ضرب عضب میں ان کی بہادری، قربانی اور کامیابیوں پر خراج تحسین پیش کیا۔
پاک فوج کے سربراہ کا کہنا تھا کہ ایف سی کے اہلکاروں نے فاٹا اور خیبر پختونخوا میں پاک فوج کے شانہ بشانہ لڑتے ہوئے بہادری اور قربانی کے نئے باب رقم کررہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاک فوج اور ایف سی کی جرات مندی آپریشن ضرب عضب کی بنیاد ہے۔
قوم کو ملک کی مسلح افواج میں غیر متزلزل اعتماد ہے اور ہمیں قوم کے اس غیر متزلزل اعتماد کے محافظ ہونے پر فخر ہے اور قوم کے اس اعتماد پر ہمیشہ پورا اتریں گے۔