کراچی (جیوڈیسک) رکن سندھ اسمبلی ساجد قریشی کے قتل کے خلاف ایم کیوایم کی جانب سے سندھ میں یوم سوگ کی اپیل کی گئی ہے۔ کراچی سمیت سندھ کے کئی شہروں میں ٹریفک معمول سے کم اور صبح کے اوقات میں کھلنے والی دکانیں بند ہیں۔ ایم کیو ایم کے مطابق مقتول ایم پی اے ساجد قریشی کی نماز جنازہ آج بعد نماز ظہر جناح گراونڈ عزیزآباد اور تدفین شہدا قبرستان یاسین آباد میں کی جائے گی۔
متحدہ قومی موومنٹ نے آج کاروبار اور ٹرانسپورٹ بند رکھنے کی اپیل کی ہے۔ رابطہ کمیٹی کی اپیل کے بعد کراچی کے مختلف علاقوں میں پیٹرول پمپ اور صبح کھلنے والی دکانیں بند ہیں، سڑکوں پر ٹریفک بھی کم نظر آرہا ہے۔ مختلف تاجر تنظیموں نے آج مارکیٹیں بند رکھنے اور ٹرانسپورٹروں نے گاڑیاں نہ چلانے کا اعلان کیا ہے۔ وفاقی جامعہ اردو، جناح یونیورسٹی اور سندھ ٹیکنیکل بورڈ کے تحت آج ہونے والے تمام امتحانات ملتوی کردیے گئے ہیں۔
صبح سویرے کراچی کے علاقے بلدیہ ٹاون نمبر 4 میں نامعلوم افراد نے ایک منی بس کو آگ لگا دی۔ حیدرآباد، سکھر، میرپور خاص اور ٹنڈو محمد خان سمیت سندھ کے دیگر شہروں میں بھی زیادہ تر پیٹرول پمپ اور کاروباری مراکز بند ہیں۔ نواب شاہ کے مختلف علاقوں میں علی الصباح نامعلوم افراد نے ٹائر جلا کر سڑکیں بند کردیں جبکہ ایک ہوٹل پر فائرنگ سے 2 افراد زخمی ہو گئے۔