پشاور (جیوڈیسک) دہشت گردوں کے حملے کا نشانہ بننے والا پشاور کا آرمی پبلک اسکول آج پھر طلبا کے لیے کھل گیا۔ آرمی چیف جنرل راحیل شریف پہلے دن خود اسکول پہنچے ، اُن کا کہنا ہے کہ سب کے حوصلے بلند ہیں۔
16دسمبر کے حملے کے بعد طلبا نے آج پھر پشاور میں آرمی پبلک اسکول کا رخ کیا۔ تو آرمی چیف خود ان طلبا اور والدین کے استقبال کے لیے موجود تھے جو اس عزم کا اظہار تھاکہ اب کوئی تعلیم دشمن طلبا کی طرف میلی آنکھ سے نہیں دیکھ سکے گا۔ آرمی چیف نے طلبا کا حوصلہ بڑھایا اور انہیں بِنا خوف تعلیم جاری رکھنے کی ترغیب دی۔
جنرل راحیل شریف نے بچوں کے ساتھ آنے والے والدین سے بھی ملاقات کی۔ ان ملاقاتوں کے بعد آرمی چیف نے عزم ظاہر کیا کہ یہ قوم ناقابل شکست ہے اور آج بھی سب کے حوصلے بلند ہیں۔
اس موقع پر آرمی چیف کی اہلیہ بھی موجود تھیں جنہوں نے خواتین اور طالبات کی جرات پر انہیں خراج تحسین پیش کیا۔ سانحہ کے بعد آج دوبارہ اسکول آنے والے طلبا بیتابی سے کلاس رومز کی جانب قدم اٹھاتے نظر آئے جن کے ذہن میں شہید ساتھیوں کی تصاویر اور دل میں عہد ہے کہ عرض پاک میں کبھی علم کی شمع بجھنے نہیں دیں گے۔