لاہور (جیوڈیسک) پیپلز پارٹی کے شریک چیئرمین اور سابق صدر آصف علی زرداری نے کہا ہے کہ قوم دہشت گردی کیخلاف جنگ میں بے مثال قربانیاں دینے والے شمالی وزیر ستان کےآئی ڈی پیزکی مدد اور ان کی آبادکاری میں بھرپور تعاون کرے۔
جبکہ ہمیں اسرائیلی مظالم کےشکار اپنے فلسطینی بہن بھائیوں سے بھی اظہار یکجہتی کرنا چاہئے۔ عید الفطر کے موقع پر اپنے پیغام میں انکا کہنا تھا کہ ہمیں ان لوگوں کوبھی اپنی خوشیوں میں شریک کرنا چاہئے۔
جو شمالی وزیرستان میں اپنا گھربار چھوڑ کر بنوں اور خیبر پختونخواکے دیگر علاقوں میں کیمپوں میں رہائش پذیر ہیں۔ انہوں نے پارٹی کارکنوں کو ہدایت کی کہ عید پر کچھ وقت آئی ڈی پیز اور ان سیکیورٹی اہلکاروں کے خاندانوں کے ساتھ گزاریں جو وطنِ عزیز کی حفاظت کیلئے دہشت گردوں اور انتہا پسندوں کیخلاف جنگ میں مصروف ہیں۔